لاہور:نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو واپس نہیں بھیج رہے، غیر قانونی مقیم افرادجو کہ بغیر کسی رجسٹریشن کے رہ رہے تھے کو واپس جانے کے لیے وقت دیا ہے۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ یہ لوگ واپس جائیں اور قانونی طریقے سے آئیں، دنیا کا کوئی ملک غیر قانونی افراد کو اپنے ملک میں رہنے کی اجازت نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کا شہری ویزا لے کر پاکستان آسکتا ہے، آئی ایم ایف کا وفد دو تاریخ کو آرہا ہے، ہم نے اپنے ٹارگٹ سیٹ کیے ہیں۔

نگراں وزیرِ اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت ملٹری کورٹ کے معاملے پر اپیل دائر کر رہی ہے۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ جتنا آپ ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے بے چین ہیں اتنا میں بھی ہوں، حلقہ بندیوں کے لیے الیکشن کمیشن کا ایک طریقہ کار ہے، الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو ہر قسم کی معاونت فراہم کریں گے۔ نگراں وزیرِ اعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پر بطور سیاسی جماعت پابندی نہیں لگائی، کسی جماعت پر پابندی لگانا نگراں حکومت کا مینڈیٹ نہیں، کون سا انتخابی نشان ہو گا کون سا نہیں، یہ الیکشن کمیشن کا کام ہے، تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتِ حال انسانی المیے کو جنم دے رہی ہے، ہم سمجھتے ہیں موجودہ کرائسس میں فوری جنگ بندی ہونی چاہیے، غزہ کی صورتحال انتہائی خوفناک ہے، وہاں انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت آثارِ قدیمہ کو محفوظ بنانے پر کام کر رہی ہے، جہاں ضرورت ہو گی پنجاب حکومت کی سپورٹ کریں گے، تہذیب و ثقافت کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »