بھارت نے کرکٹ ورلڈکپ میں ٹیم جنوبی افریقہ کو بھی باآسانی زیر کرتے ہوئے 243 رنز سے شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق عالمی کپ میں بھارت نے مسلسل آٹھویں فتح حاصل کی اور پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن کو مستحکم کرلیا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنائے۔

اس ایونٹ میں اب تک ہدف کے تعاقب میں کمزور رہنے والی جنوبی افریقی ٹیم نے پھر سے اپنی روش برقرار رکھی اور بھارتی بولرز کے آگے بے بسی کی تصویر نظر آئے، پوری ٹیم 28 ویں اوور میں 83 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈیر ڈوسن 13 اور مارکو جانسین 14 رنز بنا سکے، جنوبی افریقہ کا کوئی بھی بیٹر بھارتی بولرز کو اعتماد سے کھیلنے میں ناکام رہا اور ان کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔

رویندر جڈیجا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 33 رنز دے کر 5 وکٹیں اپنے نام کیں جب کہ محمد شامی نے 18 اور کلدیپ یادیو نے 7 رنز کے عوض 2، 2 وکٹیں اپنے نام کے آگے درج کروائیں۔ کوہلی کو شاندار بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اس سے قبل بھارت نے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں منعقدہ میچ میں اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر روہت شرما اور شبمن گل نے بھارت کو 62 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم کپتان 40 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جبکہ شبمن گل 23 رنز چلتے بنے۔

تیسری وکٹ کی شراکت میں ویرات کوہلی اور شریاس آئیر نے 134 رنز کی شراکت قائم کی، شریاس 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویرات کوہلی نے اپنے کیریئر کی 49 سنچری اسکور کی وہ 101 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، مارکو جانسن، لنگی نگیڈی اور تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »