احمد آباد: کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے 42 ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، جنوبی افریقہ نے 245 رنز کا ہدف 48 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے وین ڈوسن 76 رنز بنا کر نمایاں رہے، کوئنٹن ڈی کاک نے 41 اور ایڈن مارکرم نے 25 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان اور محمد نبی نے دو دو جبکہ مجیب الرحمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ ستیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 244 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
افغانستان کی جانب سے اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں پھر ناکام رہے، رحمان اللہ گرباز 25 جبکہ ابراہیم زادران 15 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے،رحمت شاہ 26، کپتان حشمت اللہ شاہدی 2، ابراہیم علی خیل 12، راشد خان 14 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
افغانستان کے مڈل آرڈر بلے باز عظمت اللہ عمرزئی نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 97 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، نور احمد 26، مجیب الرحمن 8 اور نوین الحق 2 رنز بنا کر چلتے بنے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے جیڑالڈ کوئٹزی نے 4، کیشو مہاراج اور لنگی نگیڈی نے 2، 2 جبکہ فیہلوکوایو نے ایک وکٹ حاصل کی۔