کولکتہ: ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا جانے والا 213 رنز ہدف 47.2 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 19 نومبر بروز اتوار کو فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔
ٹریوس ہیڈ 62 رنز بنا کر نمایاں رہے، ڈیوڈ وارنر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مچل مارش بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔اسٹیو اسمتھ 30 رنز بنا کر کوئٹزی کا نشانہ بنے، مارنوس لبوشین کو شمسی نے 18 رنز پر آؤٹ کیا، گلین میکسویل بھی ایک رن پر شمسی کو وکٹ دے بیٹھے۔ جوش انگلس 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اور مچل اسٹارک 16 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی اور کوئٹزی نے دو وکٹیں حاصل کیں، کیشو مہاراج، ربادا اور ایڈن مرکرام ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔اس سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم 49.4 اوورز میں 212 رنز پر آل آؤٹ ہوئی اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 213 رنز کا ہدف دیا تھا۔ڈیوڈ ملر نے 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ہینرک کلاسن 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔جنوبی افریقہ کی ابتدائی 4 وکٹیں صرف 24 رنز پر گریں جب کپتان ٹیمبا باووما بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کوئنٹن ڈی کاک تین رنز بناسکے، وین ڈر ڈوسن 6 رنز پر ہیزل ووڈ کا نشانہ بنے، ایڈن مرکرام 10 رنز بناسکے۔مارکو جانسن کو صفر پر ٹریوس ہیڈ نے آؤٹ کیا، کوئٹزی 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور کپتان پیٹ کمنز نے تین وکٹیں حاصل کیں، جوش ہیزل ووڈ اور ٹریوس ہیڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔