ویب ڈیسک
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ایک ایسے شخص کو اقتدار پر بٹھا دیا گیا جس نے ملک کا بٹھہ بٹھا دیا۔

اے اْر وائی نیوز کے مطابق سیالکوٹ میں چیمبر آف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وہ شخص آیا نہیں تھا لایا گیا تھا اور اس نے جو ملک کا حشر کیا سب نے دیکھا اس کے کرتوتوں کی سزا آج بھی ملک بھگت رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار پورا نہیں ہونے دیا جائے گا بیچ میں کلہاڑا چلا دیا جائے گا تو ملک کیسے ترقی کرے گا۔

نواز شریف نے کہا کہ 2018 میں ہم الیکشن جیت چکے تھے، آر ٹی ایس بند کرکے باوجود ہم پنجاب میں الیکشن جیت گئے تھے، لوگوں کی پکڑ دھکڑ کرکے ایک جگہ جمع کیا گیا ن لیگ کے خلاف کارروائی کی گئی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آر ٹی ایس بندش کے باوجود اس وزیراعظم کو چار ووٹوں سے لایا گیا، کئی گھنٹے تک نتائج کیوں روکے گئے، بکسوں میں سے ووٹ نکال کر جتوایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ہورہے تھے میں اور مریم نواز جیل میں تھے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا بہت مشکل وقت دیکھا ہے، میں اپنی قوم کے ساتھ نبھارہا ہوں، جتنا عرصہ اقتدار میں رہا اس سے زیادہ عرصہ جیلوں، ملک بدری اور مقدمے بھگتنے میں گزرا لیکن میں نے کبھی ہمت نہیں ہاری، 2017 سے آج تک ہمارے خلاف سزاؤں کا سلسلہ چلتا رہا وہ کچھ دن پہلے ختم ہوا۔

ان کا کہنا تھا ہمارے پاس اب غلطی کا موقع نہیں ہے، اگر اب بھی سبق نہیں سیکھا تو بقول علامہ اقبال ہماری داستان نہ ہو گی داستانوں میں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »