اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نےپارٹی قیادت کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ جو پاک فوج کیخلاف نفرت پھیلا رہے ہیں ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں اور پارٹی کے عہدیدار بھی ایسے عناصر کیخلاف بائیکاٹ کریں، پارٹی ایسے تمام لوگوں سے دور رہے جو پی ٹی آئی اور پاک فوج کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایسےلوگ چاہے پارٹی کے اندر ہوں یا باہر، ان کی مذمت کی جائے۔ سینئر نائب صدر پی ٹی آئی شیر افضل خان مروت نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ پارٹی میں اور سوشل میڈیا پر موجود افراد کی ایسے افراد کے ساتھ لاتعلقی اختیار کی جائے جو پاک فوج کو ہدف بنا رہے ہیں، اسے بدنام کررہے ہیں یا پھر پاک فوج کیخلاف نفرت پھیلا رہے ہیں۔مروت نے کہا کہ عمران خان نے انہیں کہا ہے کہ یہ تاثر دور کیا جائے کہ پاکستان تحریک انصاف فوج کیخلاف ہے، عمران خان نے ہمیشہ سے ہی اس بات پر یقین رکھا ہے کہ فوج ملک کی سلامتی اور دفاع کیلئے اہم ترین ہے۔پی ٹی آئی کے نائب صدر شیر افضل خان مروت نے کہا کہ عمران خان نے ملک اور قوم کیلئے قربانیاں دینے والے مسلح افواج کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان شہید نوجوان افسران اور فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ پی ٹی آئی ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔مروت نے عمران خان کے حوالے سے کہا کہ شہداء قوم کا فخر ہیں۔شیر افضل خان مروت سینئر وکیل ہیں، حالیہ دنوں میں وہ کے پی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑے اجتماعات سے خطاب کر چکے ہیں۔ ان عوامی اجتماعات میں پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان اجتماعات میں مسلح افواج کے شہداء کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے نام نہاد ہمدردوں اور وی لاگرز جنہوں نے فوج کے خلاف زہر افشانی کی، ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، ہم ایسے کرداروں کی مذمت کرتے ہیں اور خود کو ان سے دور رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاک فوج کو بدنام کرنے والے عناصر پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا میں ہیں تو پارٹی ان سے لاتعلقی کا اظہار کرے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے حامیوں اور سوشل میڈیا پر موجود کارکنوں سے یہ بھی توقع رکھتے ہیں کہ فوج مخالف بیانیہ اختیار نہ کیا جائے۔