میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 82 پیسے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی ہے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 52 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی منظوری دی۔
بعدازاں وزارت خزانہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس کے مطابق ڈیزل کی نئی قیمت 289 روپے 71 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 175 روپے 93 پیسے فی لیٹر ہوگئی، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 201 روپے 16 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ہر پندرہ روز کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدول کا اعلان کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کیا تھا۔
اوگرا نے دسمبر کے لیے ایل پی جی کی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے مطابق ایل پی جی 3 روپے 82 پیسے فی کلو مہنگی کردی جس کے بعد گھریلو سلنڈر 45 روپے 18 پیسے مہنگا ہوگیا۔
ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 7 روپے 35 پیسے مقرر کی گئی۔
اوگرا کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قدر میں 1.87 فیصد اضافے کے باعث ایل پی جی مہنگی ہوئی ہے۔