اسلام آباد: سپریم کورٹ نے الیکشن سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے انتخابات سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو آج ہی الیکشن شیڈول جاری کرنے کا حکم دے دیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے آج ہی شیڈول جاری کرنے کی یقین دہانی کروادی۔
سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل اور تمام صوبوں و اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کردیے، وفاقی و صوبائی حکومتوں کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آپ اپنا کام کریں ہمیں اپنا کام کرنے دیں، اجازت دیں تو اب میں چھٹی پر چلا جاؤں۔الیکشن کمیشن نے ہائیکورٹ آرڈر کے بعد جاری اپنا نوٹیفکیشن واپس لینے کی یقین دہانی کروادی۔
سپریم کورٹ نے درخواست گزار عمیر نیازی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست گزار صرف سپریم کورٹ سے رجوع کرسکتا ہے، درخواست گزار اور جج دونوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو نظر انداز کیا۔حکم نامے میں کہا گیا کہ جو اپنے آپ کو بیرسٹر کہہ رہا ہے اس کو یہ نہیں پتا کہ آئین کے ساتھ کھیل رہا ہے، جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے، افسوس کی بات ہے بیرسٹر ایک سیاسی جماعت سے تعلق کا دعویٰ کرتا ہے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ عمیر نیازی اسی پارٹی سے ہیں جس نے انتخابات کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، اگر وہ کہتے ہیں بیرستر ہیں تو انہیں سپریم کورٹ کے احکامات کا علم ہونا چاہیے تھا۔عدالت نے کہا کہ بظاہر عمیر نیازی نے جمہوری عمل میں رکاوٹ ڈالی، آرٹیکل 99 کلاز 5 کے تحت ہائیکورٹ کا فیصلہ اپنی ہی عدالت کے خلاف ہے، الیکشن معاملے میں صرف سپریم کورٹ میں ہی درخواست لائی جاسکتی ہے
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جج نے فیصلہ دے کر اپنی حد سے تجاوز کیا، لاہور ہائیکورٹ نے 1011 ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز کو کام سے روکا، ہائیکورٹ نے یہ بھی نہیں دیکھا کہ افسران نے ملک بھر میں خدمات انجام دینی ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کسی ریٹرننگ افسر کے خلاف درخواست آئی تھی؟ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کسی نے کوئی درخواست نہیں دی۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ تربیتی پروگرام پیر کو شروع کریں گے، چیف جسٹس نے کہا کہ ’تربیتی پروگرام کل شروع کریں یا پیر کو یہ ہمارا کام نہیں ہے۔‘
سپریم کورٹ میں سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری 2024 کو ملک بھر میں عام انتخابات کروانے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات کے لیے بیوروکریسی کی خدمات لینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔