حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اسرائیل کے حملے رکنے تک یرغمالیوں سے متعلقمذاکرات نہیں کریں گے، حملے رکنے تک یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت نہ ہونےکے موقف پر قائم ہیں۔
حماس کے مطابق انہوں نے بات چیت کی کوششوں میں شامل تمام ثالثوں تک اپنا پیغام پہنچا دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی آج غزہ میں جنگ جاری رکھنےکا بیان دیا ہے۔
اسرائیلی کابینہ سے خطاب میں غزہ میں مارے جانے والے سپاہیوں کے اہلخانہ کا خط پڑھ کر سناتے ہوئے نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ جنگ میں مارے جانے والے فوجیوں کے خاندان چاہتے ہیں کہ غزہ میں جنگ جاری رکھی جائے، ہمارے شہری اور فوجی مکمل فتح کے لیے پرعزم ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم آخر تک لڑیں گے اور اپنے تمام مقاصد حاصل کریں گے، ہلاک فوجیوں کی وصیت ہماری رہنمائی کرتی ہےکہ ہم جنگ آخر تک جاری رکھیں، ہم ہلاک سپاہیوں اور اسرائیل میں اپنی زندگیوں کی یقینی حفاظت کے لیے یہ جنگ جاری رکھیں گے۔