اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہاہے کہ تمام آپریشنل اور آئی ٹی نظام تسلی بخش کام کر رہا ہے، عام انتخابات کے انعقاد کیلیے کسی رکاوٹ یا دشواری کا سامنا نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ خودکار اور جدید الیکشن مینجمنٹ سسٹم تیار کیا ہے، سسٹم پریذائیڈنگ افسران سے آر اوز تک نتائج کی ترسیل اور مرتب کیلیے استعمال ہوگا۔
ترجمان کے مطابق تمام تیاریاں مکمل اور خودکار نظام کی متعدد دفعہ ٹیسٹنگ بھی ہو چکی ہے، ای ایم ایس میں آر اوز کی معاونت کیلیے کچھ اضافی فنکشن بھی شامل کیے گئے ہیں، الیکشن کے ابتدائی مراحل کے دوران بھی ڈیٹا کو آئندہ استعمال کیلیے محفوظ کیا جا سکے گا۔
ایکس پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ دور دراز علاقہ جات میں انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی کے مسائل سامنے آئے ہیں، ان علاقوں میں آر اوز کو نامزد امیدواروں کی فہرستیں بھجوانے میں کچھ دشواری ہوئی، الیکشن کمیشن نے ای ایم ایس میں یہ اضافی فنکشن آر اوز کی معاونت کیلیے مہیا کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ای ایم ایس کا بنیادی مقصد الیکشن نتائج کی ترسیل اور ٹیبولیشن مرتب کرنا ہے، ای ایم ایس کا استعمال صرف پولنگ ڈے کے دن ہوگا، آپریشنلائز ہونے سے پہلے یہ کہنا کہ ای ایم ایس ناکام ہوگیا من گھڑت اور غیر سنجیدہ ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ ای ایم ایس سے انتخابی نتائج کی ترسیل اور ٹیبولیشن کو کوئی خطرات لاحق نہیں ہیں، الیکشن کیلیے اپنی تیاریوں اور الیکشن مینجمنٹ سسٹم کے استعمال سے مکمل مطمئن ہیں، بعض حلقوں میں سامنے آنے والے خدشات اور اندیشے بے بنیاد ہیں۔