اسلام آباد: سینیٹ میں قرارداد کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا ہے کہ عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہی ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی قرارداد کا الیکشن شیڈول پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، سپریم کورٹ کے احکامات کے سوا کوئی احکامات الیکشن شیڈول پر اثر انداز نہیں ہو سکتے۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرِ صدارت ایوانِ بالا کے اجلاس میں میں عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کی گئی۔

سینیٹر دلاور خان نے قرارداد پیش کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں صورتحال خراب ہے، مولانا فضل الرحمان اور محسن داوڑ پر حملے ہوئے ہیں جبکہ ایمل ولی خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کو تھریٹ ملے ہیں، الیکشن کے انعقاد کیلیے ساز گار ماحول فراہم کیا جانا چاہیے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ محکمہ صحت ایک بار پھر کورونا کے پھیلنے کا عندیہ دے رہا ہے، چھوٹے صوبوں میں بالخصوص الیکشن مہم چلانے کیلیے مساوی حق دیا جائے اور الیکشن کمیشن شیڈول معطل کر کے سازگار ماحول کے بعد شیڈول جاری کرے۔

اپنی قرارداد کی حمایت میں سینیٹر دلاور خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے وہ شفاف الیکشن کروائے اور الیکشن میں ایک اچھا ٹرن آؤٹ ہو، جب سیاسی قائدین پر حملے کیے جا رہے ہیں اور مختلف جماعتوں کو تھریٹ الرٹ جاری ہو رہے ہیں تو ایسی صورتحال میں 8 فروری کو شیڈول الیکشن ملتوی کیے جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »