چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مختصر فیصلہ سنایا۔ فیصلے میں سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی ختم کر دی اور یہ فیصلہ 1-6 کی اکثریت سے سنایا گیا۔ عدالت نے سمیع اللہ بلوچ نااہلی کیس کے فیصلے کو ختم کردیا اور قرار دیا کہ سیاستدانوں کی نااہلی تاحیات نہیں ہوگی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے تحت نااہلی کی مدت 5 سال تک ہے، نااہلی کی مدت کا قانون کو جانچنے کی ضرورت نہیں، 62 ون ایف کی تشریح عدالتی ڈیکلریشن کے ذریعے آئین کو ریڈ ان کرنا ہے، ڈیکلریشن دینے کے حوالے سے قانون کا کوئی پراسس موجود نہیں۔

فیصلے کے متن کے مطابق ایسا کوئی قانون نہیں جو واضح کرے کہ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی کی کیا ہوگی؟ یہ بھی واضح نہیں کہ 62 ون ایف کے تحت نااہلی فیئر ٹرائل اور قانونی تقاضوں کے مطابق ہے یا نہیں۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے فیصلے سے اختلاف کیا اور کہا کہ 62 ون ایف کے تحت نااہلی تاحیات بھی نہیں ہے، نااہلی عدالتی فیصلہ موجود ہونے تک ہے، سمیع اللہ بلوچ فیصلہ درست تھا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونےکے بعد ضروری تھاکہ یہ فیصلہ فوری سنایا جاتا، تمام وکلاء اور اٹارنی جنرل کے آنے کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 7 رکنی بینچ نے سماعت کی تھی اور فیصلہ 5 جنوری کو محفوظ کیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »