کراچی: پاکستان اور ایران میں کشیدگی کے پیشِ نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستانی ایئرلائنز کیلیے اہم ہدایات جاری کر دیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی ایئرلائنز کو ایرانی فضائی حدود استعمال نہ کرنے اور خلیج سے آنے والی پاکستانی ایئرلائنز کو مسقط روٹ کی ہدایت کی گئی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کے مطابق ایران سمیت مغربی سمت سے آنے والی پروازوں کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، پاکستان اور ایران فضائی حدود تاحال کمرشل پروازوں کیلئےکھلی ہے۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق تمام پروازوں کی ایس اوپیز کی تحت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، پاکستان میں کسی بھی جانب سے آنے والی پروازوں پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
گزشتہ روز ایران نے پاکستانی حدود میں میزائل حملہ کیا تھا جس کے جواب میں آج سکیورٹی فورسز نے ’آپریشن مرگ بر سرمچار‘ کے تحت بھرپور جوابی کارروائی کی۔
پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ایران میں کالعدم تنظیموں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جبکہ جوابی حملے میں ایران کے کسی سویلین یا فوجی ہدف کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صوبے سیستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر فوجی کارروائی کی گئی، ان حملوں کے دوران متعدد دہشتگرد مارے گئے، پاکستان کی جانب سے ایران میں بی ایل ایف کے 7 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔