اسلام آباد : پاکستان اور ایران نے سفیروں کودوبارہ تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا، سفیر بھجوانے سے متعلق تاریخ جلد طے کی جائے گی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق پاکستان اورایران کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوگئے اور دونوں ملکوں نے سفیروں کو دوبارہ تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پاک ایران وزرائے خارجہ کی گفتگو میں سفیر واپس بھجوانے پر بات ہوئی، سفیر بھجوانے سے متعلق تاریخ جلد طے کی جائے گی۔
نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان سے ٹیلی فونک گفتگو میں بات چیت میں قریبی برادرانہ تعلقات وتعاون پر زور دیا۔
نگراں وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ علاقائی سالمیت اورخودمختاری کااحترام تعاون کی بنیادپرہوناچاہیے، انسداددہشت گردی پرتعاون اورقریبی رابطہ کاری کومضبوط کیا جانا چاہیے، دونوں وزرائےخارجہ نے موجودہ تناؤ کو کم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
یاد رہے گذشتہ روز نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایران کیساتھ تناؤختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
اجلاس میں ایران کیساتھ تعلقات بحال کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کیساتھ کشیدگی نہیں چاہتا، ایران نےغلط اقدام کیاجس کاجواب بھی دیاگیا، ہم نہیں چاہتےکہ ایران کیساتھ تعلقات خراب ہوں۔
واضح رہے ایران کے حملے کے بعد پاکستان نے تہران سے سفیر واپس بلا لیا تھا اور پاکستان نے احتجاجاً ایرانی سفیر کو بھی واپس آنے سے روک دیا تھا۔