راولپنڈی : توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 14،14 سال قید کی سزا سنادی گئی اور دونوں کو کسی بھی عوامی عہدے کیلئے 10 سال کیلئے نااہل قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ ریفرنس کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی، بشریٰ بی بی عدالت میں پیش نہ ہوئیں۔
سماعت میں عدالت نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اوراہلیہ کو14،14 سال قید کی سزا سنادی اور بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کو کسی بھی عوامی عہدے کیلئے10 سال کیلئے نااہل قرار دے دیا گیا۔
احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی ،اہلیہ پر 787 ملین جرمانہ بھی عائد کردیا۔
احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی حاضری لگائی ، عدالت نے استفسار کیا آپ کا342 کا بیان کہاں ہے؟ تو بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میرا بیان میرے کمرے میں ہے، مجھے تو صرف حاضری کیلئے بلایا تھا، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ آپ فوری طور اپنا بیان جمع کرادیں اور عدالتی وقت خراب نہ کریں۔
بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ آپ کو کیا جلدی ہے،کل بھی جلدی میں سزاسنادی گئی، وکلا ابھی آئے نہیں، وکلا آئیں گے تو ان کو دکھاکرجمع کراؤں گا، میں صرف حاضری کیلئے آیا ہوں، بانی پی ٹی آئی یہ کہہ کرکمرہ عدالت سے چلے گئے۔
بانی پی ٹی آئی کے جانے کے بعد جج نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کا فیصلہ سنایا۔