بنوں چھاؤنی پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے 8 جوان شہید ہوگئے،10 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 15 جولائی کی صبح 4 بج کر 40 منٹ پر 10 دہشت گردوں کے ایک گروپ نے بنوں چھاؤنی پر حملہ کیا اور داخل ہونے کی کوشش کی،دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرا ئی اور فائرنگ کرتے ہوئے چھاؤ نی میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور ملحقہ انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں 8 اہلکار شہید ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے تمام 10دہشت گرد ہلاک ہوگئے، دہشت گرد حملہ حافظ گل بہادرگروپ کی جانب سے کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حافظ گل بہادرگروپ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں کروارہا ہے، پاکستان متعدد مرتبہ عبوری افغان حکومت سے ضروری اقدامات کا کہہ چکا ہے،افغان حکومت دہشت گردوں کواپنی زمین استعمال کرنے سے روکے، افغان حکومت ان دہشت گرد گروپس کے خلاف موثر کارروائی کرے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز کی بروقت اور موثر جوابی کاروائی نے علاقے کو بڑی تباہی کو بچا لیا، سیکورٹی فورسز کی بہادری اور بے لوث کارروائی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انتھک عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز افغانستان سے آنے والے ان خطرات کے خلاف تمام ضروری اقدامات کریں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار محمد شہزاد، حوالدار ضلال، حسین، حوالدار شہزاد احمد، سپاہی اشفاق حسین خان، سپاہی سبحان مجید، سپاہی امتیاز خان، سپاہی ارسلان اسلم اورفرنٹیئر کانسٹیبلری کے لانس نائیک سبز علی شامل ہیں۔