اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی بڑا پلان بنا کر آئی ہے، ہم خالی ہاتھ واپس نہیں جائیں گے۔
آئی ایٹ میں دھرنے کے شرکا سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ چھاپوں اور گرفتاریوں کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں عوام اسلام آباد پہنچے ہیں، ظلم کا یہ نظام ہمارے اوپر مسلط کیا گیا ہے، آئی پی پیز کو مسلط کر رکھا ہے اور اربوں روپے کھا جاتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم 25 کروڑ عوام کو انصاف دلانے کیلیے یہاں آئے ہیں، اب پورا پاکستان اس دھرنے کی طرف دیکھ رہا ہے، دھرنے کا ابھی آغاز ہوا ہے انشااللہ ہم یہاں ہی رہیں گے، گرفتاریوں سے خوفزدہ ہونے والے لوگ ہم نہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز کو بند کرنا ہوگا اور بجلی کا بل کم کرنا ہوگا، ٹیکسوں کو کم کرنا ہوگا، دھرنا ابھی شروع ہوا ہے ختم نہیں ہوا، ہمارے کارکنان کو گرفتار کیا گیا انہیں رہا کرنا ہوگا، گرفتار لوگوں کو رہا کرنا ہوگا دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف بجلی کے بم گراتے ہو اور آئی پی پیز کو مسلط کرتے ہو، دوسری طرف اپنی فسطائیت کا بھی مظاہرہ کرتے ہو، پولیس والوں سے نہیں لڑیں گے وہ تو خود افسران سے پریشان ہیں، پورا پاکستان اس وقت دھرنے کے شرکا کی جانب دیکھ رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے، ہماری قیادت اور دفاتر پر چھاپے مارے گئے، ہم پُرامن لوگ ہیں قانون ہاتھ میں لینے والے نہیں، ایک ہزار لوگوں کو پکڑو گے تو ایک لاکھ لوگ اور آئیں گے، پولیس ہمارے راستے میں رکاوٹ نہ بنے ہم پُرامن لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا راستہ روکا گیا تو پلان بی کے پہلے مرحلے پر عمل کیا، ہمارا پلان بی کا دوسرا مرحلہ مری روڈ ہے، اب ایک دن کا دھرنا نہیں بلکہ ریلیف لینے آئے ہیں عوام کو انصاف دلائیں گے۔