اسلام آباد: پاکستان کا 77واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی آزادی کے77 برس مکمل ہونے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں کی جانب سے دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

اس موقع پر پاک فوج کے دستے کی جانب سے نعرہ تکبیر، اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے بھی بُلند کئے گئے، یہ توپوں کی سلامی اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ”ہم ایک با حوصلہ قوم ہیں اور وقت آنے پر نا صرف سینہ سپر بلکہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے بھی ہمہ وقت تیار ہیں“۔

ملک بھر کی مساجد میں پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے قرآن خوانی اور دعاؤں کااہتمام کیا جارہا ہے، نماز فجر کے وقت ملک بھر میں امن واستحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

تحریک آزادی پاکستان کے شہدا کیلئے قرآن خوانی کااہتمام کیا گیا جن کے طفیل یہ حسین خطہ ارض بہ فضلِ خداوندِ متعال ہمیں نصیب ہوا،اس موقع پر شہدائے تحریک پاکستان کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، وطن عزیز کی سالمیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرا نہ پیش کرنے والوں سے بھی اظہار یکجہتی کی گئی۔

پشاور میں جشن آزادی کے حوالے سے شہدا کے لواحقین کیلئے پاک فوج کی جانب سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، شہداکے لواحقین اور دیگر شرکا نے یادگار شہدا پر پھول رکھے۔

تقریب میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول اور اسپیشل بچوں کے اسکول کے طلبا و طالبات بھی شریک ہوئے، کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل عمر احمد بخاری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

گوادر میں جشن آزادی کے پر مسرت موقع پر رنگارنگ آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، رنگارنگ آتش بازی سے گوادر کا آسمان روشنیوں سے منور ہوگیا، گوادر کی عوام کی بڑی تعداد نے آتش بازی کا مظاہرہ دیکھا اور پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »