راولپنڈی : بنوں میں خوارجیوں کی جانب سے چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں 12 جوان شہید اور 6 خوارجی ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کہا گیا کہ بنوں کے علاقے مالی خیل میں خوارجیوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا، اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 6 خوارجی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خوارجیوں نے بارود سے بھری گاڑی عمارت کی دیوار سے ٹکرائی، خودکش دھماکے میں 12 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ دھماکے کے نتیجےمیں انفرااسٹرکچرمتاثر ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ شہدامیں سیکیورٹی فورسز کے 10 جوان اورایف سی کے 2 اہلکارشامل ہیں تاہم علاقے میں ممکنہ خارجیوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
یاد رہے بنوں کے علاقے بکاخیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوئے تھے، فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر عاطف خلیل 2 جوانوں سمیت شہید ہوگئے تھے۔