راولپنڈی: 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں شاہ محمود قریشی، علی امین گنڈا پور سمیت 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی، اے ٹی سی نے علی امین گنڈا پور، شاہ محمود قریشی، کنول شوزب، سمیت مزید 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
عدالت نے جن ملزمان پر فرد جرم عائد کی ہے، ان میں لطاسب ستی، عمر تنویر بٹ، شبلی فراز، کنوزل شوزب، تیمور مسعود، سعد علی خان، سکندر زیب، زوہیب آفریدی، فہد مسعود، راجا ناصر محفوظ شامل ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
اے ٹی سی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی، کیس میں نامزد مزید 6 ملزمان پر فرد جرم لگانا باقی ہے۔
عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی۔
علاوہ ازیں عمران خان کی کیس میں بریت کی درخواست پر جزوی دلائل دیے گئے، اے ٹی سی نے عمران خان ودیگر کی بریت کی درخواستوں پر کل سماعت کرے گی۔
16 دسمبر کو انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیریں مزاری سمیت مزید 9 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی، جن پر فرد جرم عائد کی گئی تھی، ان میں راجا راشد حفیظ، خادم حسین، ذاکر اللہ، عظیم اللہ خان، میجر طاہر صادق، مہر محمد جاوید، چوہدری آصف شامل تھے۔
واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔