راولپنڈی: میڈیا رپورٹس کےمطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ غیر شرعی نکاح کیس مجھے ذلیل کرنے کیلئے بنایا گیا تھا۔ میں مر جائوں گا لیکن کبھی ڈیل نہیں کروں گا۔
غیر شرعی نکاح کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد اڈیالہ جیل میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ مجھے توشہ خانہ کیس میں جو سزا دی گئی آج تک کسی کو نہ دی۔ جبکہ عدت کیس ذلیل کرنے کے لیے بنایا گیا۔ مجھ پر 200 کیسز بنائے گئے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آج تک کسی کے خلاف اتنے کیسز نہیں بنائے گئے لیکن اس کے باوجود نہ ڈیل کی نہ کرونگا ، مر جاؤں گاکبھی ڈیل نہیں کروں گا۔نو از شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا ۔ جے آئی ٹی بنی ، لیکن سب کیسز ختم کردیے گئے۔ شہباز شریف کے خلاف ایف آئی اے کا مضبوط کیس تھا جوختم کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سائفر کیس میں سزا دی گئی لیکن جنھوں نے سازش کروائی ، مداخلت کی گئی ، انھیں کچھ نہیں کہا گیا ۔ 9مئی کو مجھے اغوا کیا گیا ، دو روز بند رکھا گیا ، تنگ کیا گیا ۔ اب الٹا نو مئی کے کیسز بھی مجھ پر بنا دیے گئے ، میں تو نو اور دس مئی کو قید تھا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا کہ عدت کا معاملہ قرآن مجید میں ہے، سب واضح ہے۔ یہ غیرت اور بے غیرتی کی جنگ ہے۔ فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔ باہر سے غلام آگیا ہے ، وہ اب ان کی نوکری کرے گا ۔ میرے رب نے قرآنِ پاک میں عدت سے متعلق پہلے ہی بتا دیا ہے، یہ ابلیس کا فیصلہ ہے، یہ غیرت اور بےغیرتی کی جنگ ہے۔