پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کے لیے علی امین گنڈا پور کو نامزد کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے لیے ابھی کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا اس پر غور کروں گا تاہم کے پی کے وزیراعلیٰ کے لیے علی امین گنڈاپور کو نامزد کر دیا ہے اور وہی خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی پریس کانفرنس ملتوی کرنےپرجان گئے تھے کہ ہم الیکشن جیت گئے ہیں۔ نواز شریف اور مریم نواز دونوں الیکشن ہارے ہیں اور عالیہ حمزہ نے جیل میں بیٹھ کر ایک لاکھ سے زائد ووٹ لیے۔

انہوں نے کہا کہ کہتا رہا کہ آزاد اور شفاف انتخابات واحد حل ہیں۔ اب پتہ چل گیا کہ ہم آر اوز کے الیکشن کے خلاف کیوں تھے۔ ایسی دھاندلی ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، ہم سب سے پہلے انتخابی نتائج کو چیلنج کر رہے ہیں اور ان کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔

بانی پی ٹی آئی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے کوئی بات نہیں ہو گی۔ ہم دھاندلی کے خلاف اواز اٹھانے والی تمام جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں اور رؤف حسن کو ملاقات میں ان 3 جماعتوں کے سواسب کو اکٹھا کرنے کا کہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جیل میں کسی بھی سرکاری عہدیدار سے ملاقات نہیں ہوئی اور میں بنی گالہ شفٹ نہیں ہو رہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »