خیرپور: پیپلزپارٹی سندھ کے سینئر نائب صدر منظور حسین وسان کا کہنا ہے کہ دو اڑھائی سال کے بعد ملک میں ایسے حالات پید ا ہوں گے کہ حکومت اپنی پانچ سال کی مدت پوری نہیں کرسکے گی جبکہ پی ٹی آئی کی دن بدن پوزیشن خراب ہورہی ہے، آگے چل کر ان کا ساتھ دینے والا کوئی نہیں ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ تین سال کے بعد دوسرا کوئی شخص وزیراعظم بن سکتا ہے، اسمبلیاں پانچ سال نہیں چل سکیں گی، پیپلزپارٹی کی کوشش ہوگی کہ حکومت اپنی مدت پوری کر سکے، بانی پی ٹی آئی نے خود اپنے آپ کو مصیبت میں ڈال رکھا ہے وہ آگے چل کر پریشان ہوگا اور اپنی غلطیوں کا اعتراف کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی دن بدن پوزیشن خراب ہورہی ہے، آگے چل کر ان کا ساتھ دینے والا کوئی نہیں ہوگا، آج جو لوگ تحریک چلا رہے ہیں وہ آگے چل کر خود پچھتائیں گے، جی ڈی اے والے جس اشارے پر تحریک چلا رہے ہیں وہ آہستہ آہستہ خاموش ہوجائیں گے اور پرانی تنخواہ پر چلیں گے۔
منظور وسان نے مزید کہا کہ جی ڈی اے والے ہی دھاندلیوں کی بنیاد ڈالنے والے ہیں، اب رو رہے ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے، پیر صدرالدین شاہ اور اسماعیل شاہ بتائیں کہ نارا تحصیل سے ان کو 72ہزار سے40 ہزار تک ووٹ کہاں سے ملے، دھاندلی خود کرتے ہیں الزام ہم پر لگا رہے ہیں۔
سینئر نائب صدر پی پی سندھ نے کہا کہ اگر آپ باپ بیٹوں کو دھاندلی کا شبہ ہے تو آئیں دوبارہ مقابلہ کریں ہم تیار ہیں، ہم عوام کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اعتماد کرکے ہمیں ووٹ دیئے اور کامیاب کیا، کوشش کرکے وفاق میں بننے والی حکومت کا ساتھ دیں گے تاکہ وفاق کے حکمران اپنا کام بہتر طور پر چلا سکیں۔