اسلام آباد(ویب ڈیسک) اسلام آباد پولیس نے 26 نمبر چونگی سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے میں شرکت کیلئے جانے والے افراد کو گرفتار کرنا شروع کر دیا ہے، پی ٹی آٸی کو جلسے کا دیا گیا وقت ختم ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس نے چھبیس نمبر چونگی پر شیلنگ شروع کر دی، پولیس نےنجی ٹی وی کے نمائندے کو بھی گرفتار کرلیا۔
پولیس کی جانب سے شیلنگ کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کے بعد کی گئی، کارکنوں کے پتھراؤ سے پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
قبل ازیں، پولیس نے کوریج کیلئے موجود آج نیوز کے نمائندہ افضل جاوید کو بھی قیدی وین میں ڈال دیا۔ افضل جاوید کی جانب سے میڈیا نمائندگی کا بتانے کے باوجود پولیس اہلکار نہ مانے اور فون چھیننے کی کوشش کی۔
تاہم، ایس ایس پی آپریشن نے افضل جاوید کو ذاتی شناخت پر رہا کروایا اور معذرت بھی کی۔
پی ٹی آئی کارکنان اور اسلام آباد پولیس آمنے سامنے
قبل ازیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آٸی) کے کارکنان اور اسلام آباد پولیس جی ٹی روڈ پر آمنے سامنے آئے۔
کارکنان جی ٹی روڈ کے ذریعے جلسہ گاہ جانے کیلٸے بضد تھے جبکہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے انہیں طے شدہ روٹ اختیار کرنے کی تنبیہہ کی گئی۔
انتظامیہ نے کارکنان کو 26 نمبر چونگی خالی کرنے کی تنبہہ کی اور ایف سی اہلکاروں اور آنسو گیس شیل اسکواڈ کو الرٹ کردیا۔
اسلام آباد میں جلسے کی وجہ سے سنگجانی کے مقام پر کنٹینر رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی آج جلسہ کرے گی۔
تاہم، کچھ دیر بحث کے بعد پی ٹی آٸی کارکنان نے اسلام آباد پولیس کی بات مان لی ، کارکنان جلسہ گاہ جانے کیلٸے موٹروے استعمال کریں گے۔