اسلام آباد: بدھ کو مونال سے ڈیڑھ کلومیٹر دور مارگلہ ہلز میں سڑک کے کنارے سے ایک نامعلوم خاتون کی لاش ملی، مقتولہ کو مبینہ طور پر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے خاتون کے سر میں گولی ماری ہے۔ کوہسار پولیس نے ایس ایچ او شفقت فیاض کی قیادت میں جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر مزید تفتیش کے لیے پولی کلینک اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نے متوفی کی شناخت کے لیے اس کے فنگر پرنٹس کے نمونے حاصل کر لیے ہیں۔ قتل کی تفتیش جاری ہے، افسران مشتبہ شخص یا قتل کے پیچھے محرکات کو بے نقاب کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔