وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ 9 نومبر کو آخری کال دیں گے اور اس بار کفن باندھ کر نکلیں گے۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی سے دوبارہ جیل میں ناروا رویہ رکھا گیا تو قابل برداشت نہیں، دوبارہ پلان بنایا ہوا ہے اب اس حکومت سے جان چھڑانی پڑے گی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ 9 تاریخ کو صوابی میں اجتماع رکھا ہے جہاں لائحہ عمل اور آخری کال دیں گے، پُرامن رہنے پر جو رویہ ہم سے اختیار کیا گیا وہ ناقابل برداشت ہے، اب ہم اپنے حقوق لے کر ہی واپس جائیں گے، 9 نومبر کو صوابی میں موٹروے پر جلسہ ہوگا۔

وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ اب جو کال دیں گے وہ فائنل ہوگی کفن باندھ کر نکلیں گے، فائنل کال دے کر نکلوں گا تو یہ سمجھ جاؤ گھر واپس نہیں آنا، یہ فیصلہ سازوں سمیت یہ سب کو وارننگ ہے، اگر یہ ہمیں کاؤنٹر کرنے کیلیے اسٹریٹجی بناتے ہیں تو ہم بھی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک کیس میں ضمانت کراؤ دوسرے میں اندر کر دیتے ہیں، میرے اوپر 9 مئی کو 6 اضلاع میں توڑ پھوڑ کے مقدمے ہیں، کیا میں ایک وقت میں 6 اضلاع میں توڑ پھوڑ کر رہا تھا؟

ان کا کہنا تھا کہ کے پی ہاؤس میں جو کچھ کیا گیا اس کا حساب دینا پڑے گا، وہ میری پراپرٹی ہے اس پر دھاوا بولا گیا، کے پی ہاؤس سے میرا موبائل اور اسلحہ لے گئے تھے جبکہ گاڑی بھی توڑی، ان کو موبائل چاہیے تو رکھ لیں، موبائل پہلے ہی خالی کر دیا تھا یہ خالی اسکرین دیکھ رہے ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »