روس کے صدر ولادمیر پیوٹن کی کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت۔
گزشتہ روز کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے میں 27 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوئے تھے، حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ کوئٹہ گیریژن میں ادا کی گئی جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔
علمائے کرام اور مشائخ عظام کے ساتھ دیگر مذاہب کے نمائندوں کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بے گناہ پاکستانیوں کا قتل عام کرنے والے دہشتگرد سفاک اور قاتل ہیں، انسانی حقوق کی باتیں کرنے والے عناصر اور تنظیمیں بے گناہ پاکستانیوں کے قتل عام پر خاموش ہیں۔
ایچ آر سی پی نے کہا کہ حملے میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، حکومت عسکریت پسندی کو روکنے کے لیے فوری طور پر سیاسی قوتوں کے ساتھ وسیع تر بات چیت کا آغاز کرے۔
روسی صدر ولاد میر پیوٹن نے بھی کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو اسلام آباد کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرے گا، وحشیانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو ان کے جرائم کی سزا دی جائے۔