راولپنڈی: بلوچستان میں دہشتگردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پسنی سے اورماڑہ جانے والی سکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر حملہ کیا گیا، حملے میں14 جوان شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے، گھناؤنے فعل میں ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلیے پرعزم ہیں۔

نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعلی ڈومکی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ پر مامور جوانوں پر حملہ بزدلانہ فعل ہے، دہشتگردی صوبے کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے۔

میر علی ڈومکی نے کہا کہ قربانیوں کے بعد بحال امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پوری قوم کو اپنی سکیورٹی فورسز پر فخر ہے، پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

نگراں وزیر اطلاعات و نشریات جان اچکزئی نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگردی کے واقعات بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے، ہمارے جوان ملک و صوبے کی انچ انچ کی حفاظت کر رہے ہیں۔

جان اچکزئی نے کہا کہ شہید جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردوں کو ہر صورت شکست دیں گے، عوام کے جان و مال کے تحفظ پر مامور جوانوں پر حملہ بزدلانہ فعل ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »