اسرائیلی فورسز کی بربریت میں اضافہ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صہیونی فورسز نے غزہ میں اسپتال، ایمبولینس اور اسکولوں پر بمباری کی، جس میں 100 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو گئے جن کی تعداد دس ہزار سے زیادہ ہو گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 روز میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، غزہ میں گزشتہ روز الشفا اسپتال کے مرکزی دروازے پر بمباری سے درجنوں افراد شہید ہوئے، جب کہ فلسطینی زخمیوں کو مصر لے جانے والی ایمبولینس پر بھی اسرائیلی فوج نے حملہ کیا۔

غزہ میں اسکول پر اسرائیلی بمباری میں 20 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے، شمال سے جنوب نقل مکانی کرنے والوں پر بھی بمباری کی گئی جس کے باعث 14 افراد شہید ہو گئے جب کہ خان یونس میں گھر پر حملے میں ایک خاندان کے 5 افراد شہید ہوئے۔

دوسری طرف حماس نے اسرائیلی فوج کے ساتھ بیت الحنون میں شدید مقابلے کی ویڈیو جاری کر دی، جس نے اسرائیلی فوج کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا، اسرائیلی فوج نے بیت الحنون پر کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

ادھر دنیا بھر میں اسرائیلی فورسز کی بربریت کو روکنے کے لیے لوگ سڑکوں پر نکل رہے ہیں، اور یک آواز ہو کر مطالبہ کر رہے ہیں کہ غزہ میں قتل عام روکا جائے، فوری جنگ بندی کی جائے، امریکی ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں مظاہرین اسرائیل جانے والے بحری جہاز پر چڑھ گئے اور احتجاج کیا، مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ اس جہاز میں ہتھیار ہیں جو اسرائیل بھیجے جا رہے ہیں۔

ارجنٹینا میں ہزاروں سماجی کارکنوں نے ریلی نکالی اور فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی جارحیت کو روکنے کا مطالبہ کیا، آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں غزہ میں شہید ہونے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں، مظاہرین نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »