آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے لوگوں کو مایوس اور نا امید نہیں ہونا چاہیے، کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ تھا نہ ہو گا۔
نگراںوزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، کوئی عدالت کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کر سکتی۔
گزشتہ روز آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا جو کچھ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہو رہا ہے پاکستان اس سے لاتعلق نہیں رہ سکتا، کشمیریوں کو طاقت کے زور پر زیر کرنے کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا دنیا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے مفاد اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان پر کشمیر کی وجہ سے تین بار جنگ مسلط کی گئی، اگر 300 مرتبہ بھی جنگ مسلط کی گئی تو ہم یہ جنگ لڑیں گے، کسی کے ذہن میں کسی قسم کا کوئی خدشہ ہے تو وہ دور کر لے۔