اسلام آباد:عام انتخابات 2024 کے لیے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف الیکشن ٹریبونلز میں کل سے اپیلیں دائر کی جائیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع ہونے یا مسترد ہونےکے مراحل مکمل ، ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں پر اپیلوں کا عمل کل سے 3 جنوری تک جاری رہے گا۔ان اپیلوں پر انتخابی ٹریبونل 10جنوری تک فیصلہ کریں گے جبکہ امیدوار اپنے کاغذات 12 جنوری تک واپس لے سکیں گے۔امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو دیے جائیں گے جبکہ عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔
ملک بھر کے اضلاع میں ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کرنے کے بعد امیدواروں کی فہرستیں جاری کر دی گئیں ۔
ان فہرستوں میں کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانیوالوں میں ملک کی کئی بڑی سیاسی شخصیات بھی شامل ہیں۔